سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے بین الاقوامی کثیر جہتی امور ڈاکٹر عبد الرحمن الرسی نے مشرق وسطیٰ کے تنازعے اور اس کے اثرات سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ذاتی ایلچی جان آرنو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں عہدیداروں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی حالات کے حوالے سے نکتہ نظر اور کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔
سعودی سفارت کاری خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے خلیجی ممالک اور دیگر علاقائی ریاستوں کے ساتھ مشترکہ رابطہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے گذشتہ روز متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید اور قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، اس کے اثرات اور اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ کو گذشتہ روز مصر کے وزیر خارجہ و ہجرت ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح الصباح کی جانب سے بھی فون کالز موصول ہوئیں۔
ان دونوں رابطوں کے دوران علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا، مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا اور علاقائی و بین الاقوامی سکیورٹی و استحکام کو فروغ دینے کے طریقوں پر بحث کی گئی۔
سعودی وزیر خارجہ کو جمہوریہ کرغزستان کے وزیر خارجہ جينبيك قولوبايف کی جانب سے بھی ایک فون کال موصول ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ خطے کے تازہ ترین واقعات اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔