عمان نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے عارضی راستے کھول دیے، کوئی محصول نہیں لیا جائے گا

شمال اور جنوب میں عارضی راستے مقرر، جہاز گروپوں میں جائیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

عمان نے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو بغیر کسی محصول کے جہازرانی کے لیے کھلا رکھے گا اور موجودہ راستوں کے شمال اور جنوب میں دو عارضی راستے مقرر کیے ہیں تاکہ خطے سے روانہ ہونے والے جہازوں کی محفوظ راہداری میں سہولت ہو۔

انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) سے رابطہ کاری میں عمان نے عارضی سمندری راہداریاں قائم کیں تاکہ حفاظتی خطرات کے درمیان بحری جہازوں کو علاقے سے بحفاظت نکلنے میں مدد ملے۔

بحری عملے کو ایک نوٹس میں عمان نے کہا، گذرگاہ میں ٹریفک علیحدہ کرنے کی موجودہ سکیم اس وقت استعمال کے لیے غیر محفوظ ہے اور آبنائے سے نکلنے والے جہاز اس کے بجائے موجودہ راستے کے شمال اور جنوب میں واقع عارضی راستوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی جہازرانی ایجنسی نے 1968 میں یہ سکیم اختیار کی جس نے آبنائے میں ایرانی اور عمانی پانیوں سے گذرنے والے راستے قائم کیے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان طے کردہ مفاہمت کا حوالہ دیتے ہوئے خلیجی عرب ریاست نے کہا، یہ اقدامات آبنائے کے حوالے سے اس کی ذمہ داریوں، عالمی معیشت کے لیے اس کی اہمیت اور بین الاقوامی قانون اور نقل و حمل کی آزادی کے لیے اس کے عہد کی عکاسی کرتے ہیں۔

عمان نے کہا کہ بحری تحفظ اولین ترجیح رہی اور یہ کہ تصادم کے بلند خطرے کے باعث جہازوں کی بتدریج، کنٹرول کردہ نقل و حرکت کی ضرورت تھی۔

عمانی حکام کے ہمراہ آئی ایم او کے تیار کردہ ایک مرحلہ وار منصوبے کے تحت جہازوں کی گروپنگ ہو گی اور انفرادی طور پر ان سے رابطہ کیا جائے گا کہ وہ کب روانہ ہو سکتے ہیں اور انہیں کس راستے پر جانا چاہیے۔

آگے بڑھنے کی اجازت ملنے سے پہلے بحری جہازوں کو بین الاقوامی پانیوں میں انتظار کے لیے ایک نامزد مقام پر بھیج دیا جائے گا۔ عمان کا مشرقی راستہ استعمال کرنے والے جہازوں کو ساحلی حکام سے رابطے برقرار رکھنا اور تمام بحری ہدایات کی تعمیل کرنا ہو گی۔

عمان نے کہا کہ جہاز مالکان اور ماسٹرز سفر سے پہلے آزادانہ طور پرخطرے کی تشخیص کے ذمہ دار ہیں۔

جہازوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ٹرانزٹ کے دوران اپنے خودکار شناختی نظام فعال رکھیں اور کسی بھی بحری خطرات کی اطلاع عمان میری ٹائم سکیورٹی سینٹر کو دیں۔ عمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات کے نتائج کے مطابق آبنائے ہرمز سے گذرنے والے جہازوں پر کوئی محصول نہیں ہو گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں