اسرائیل کا حماس تنظیم کی "ایلیٹ فورس کے کمانڈر" کو قتل کرنے کا اعلان
یحیی حمدان نے 7 اکتوبر کو اسرائیلی فوجی اڈے پر حملہ کیا تھا
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس تنظیم کے عسکری ونگ کی ایلیٹ فورس کے ایک کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جس نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں حصہ لیا تھا۔
آج جمعے کے روز جاری اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوب میں چھاپے کی ایک کارروائی کے دوران حماس تنظیم کے عسکری ونگ کی ایلیٹ فورس کے کمانڈر یحییٰ حمدان کو ہلاک کر دیا گیا۔ حمدان نے 7 اکتوبر 2023 کو رعیم فوجی اڈے پر حملہ کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حمدان نے حالیہ مہینوں میں اسرائیلی فوج کے خلاف حملے کیے تھے اور وہ حماس تنظیم کی آپریشنل صلاحیتوں کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہا تھا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ وہ ایک براہ راست خطرہ بنا ہوا تھا اور اسے ایک درست فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاک کیا گیا ہے۔
اسرائیل گذشتہ اکتوبر میں امریکی ثالثی کے تحت حماس تنظیم کے ساتھ جنگ بندی تک پہنچنے کے بعد سے غزہ پر مسلسل حملے کر رہا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ان مسلح افراد کو نشانہ بناتا ہے جو اس کی افواج کے لیے خطرہ ہیں یا جنہوں نے اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر ہونے والے حملے میں حصہ لیا تھا۔
حماس تنظیم اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتی ہے اور غزہ کے لیے امن کونسل کے ایلچی نکولائی ملادینوف نے کہا ہے کہ دونوں فریق معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
روئٹرز کے مطابق نو ماہ قبل جنگ بندی کے نافذ ہونے کے بعد سے دونوں فریقوں کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ غزہ میں 1080 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر شہری شامل ہیں، جبکہ چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔ البتہ حماس تنظیم اپنی صفوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ظاہر نہیں کرتی۔