ایران اشتعال انگیزی پھیلا رہا، ہماری سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے: اردن

ہم نے ایرانی ناظم الامور کو شدید الفاظ پر مبنی احتجاجی مراسلہ پہنچا دیا ہے: اردنی وزارت خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اردن کی وزارت خارجہ اور تارکین وطن کے امور نے عمان میں ایرانی سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور انہیں مملکت کی سرزمین کو نشانہ بنانے والے مسلسل، ظالمانہ اور بلاجواز ایرانی حملوں اور مملکت کے بارے میں ایرانی سرکاری حکام کی جانب سے جاری ہونے والے اشتعال انگیز اور فتنہ انگیز بیانات کے خلاف شدید الفاظ پر مبنی احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے۔

اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (پترا) نے رپورٹ کیا ہے کہ اردنی وزارت کے سرکاری ترجمان سفیر فواد المجالی نے کہا کہ وزارت نے ناظم الامور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ملک کو ایک واضح پیغام منتقل کریں جس میں مملکت پر حملے فوری طور پر روکنے کا کہا گیا ہے۔

یہ بھی کہا گیا کہ اردن کی سلامتی اور اس کے شہریوں کا تحفظ ایک ایسی ریڈ لائن ہے جسے عبور نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے ساتھ ساتھ ناقابل قبول اشتعال انگیز بیانات کو روکنا بھی ضروری ہے۔

فواد المجالی نے وضاحت کی کہ وزارت نے ظالمانہ ایرانی حملوں کی مذمت اور مخالفت کا اعادہ کیا ہے جو مملکت کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی، اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح پامالی ہیں۔

انہوں نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک کو نشانہ بنانے والے ظالمانہ ایرانی حملوں کی اردن کی جانب سے مذمت کی بھی تصدیق کی۔

ان ممالک کی خودمختاری، سلامتی، اور ان کے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات میں ان کے ساتھ اردن کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔

فواد المجالی نے دوبارہ اس بات پر زور دیا کہ اردن اپنے شہریوں کے تحفظ، اپنی سلامتی اور اپنی خودمختاری کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب اور ضروری اقدامات اٹھانا جاری رکھے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں