کویت نے ایرانی حملے ناکام بنا دیے، بحرین میں خطرے کے سائرن بج اٹھے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

کویتی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اعلان کیا کہ اس کا فضائی دفاع ایرانی ڈرون حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہا ہے۔

کویت کی جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی جارحیت کے بعد کویت کا فضائی دفاع اس وقت دشمن کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا رہا ہے۔بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور امن و امان برقرار رکھیں۔

دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بھی اتوار اور پیر کی درمیانی شب فضائی خطرات کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجانے کا اعلان کیا۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا:خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ تمام شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے درخواست ہے کہ پرسکون رہیں، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے ،جب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ اس نے اردن کے شہر عقبہ کے ہوائی اڈے پر موجود امریکی فوج کے طیاروں کو نشانہ بنایا اور انہیں نقصان پہنچایا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی اس دعوے کی اطلاع دی۔

پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے شام کے علاقے التنف میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملہ شام کے علاقے التنف میں دشمن کے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر اچانک کیا گیا، جو ایران کے جنوب مشرقی شہر ایرانشہر کے علاقے بمپور میں فوجی چھاؤنی پر ہونے والی بمباری کے جواب میں تھا۔

یاد رہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے جمعہ کو بھی التنف اڈے پر حملے کا دعویٰ کیا تھا، حالانکہ امریکی فوج فروری میں اعلان کر چکی تھی کہ وہ اس اڈے سے انخلا کرکے اسے شامی فوج کے حوالے کر چکی ہے۔

تاہم ایک شامی فوجی ذریعے نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا تھا کہ عراق، اردن اور شام کی سرحدی تکون پر واقع اس اڈے پر کسی قسم کی بمباری نہیں ہوئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں