بل گیٹس: پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کاوشوں کی تحسین
پاکستان کے وزیراعظم میاں نوازشریف نے نیویارک میں بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ہفتے کے روزملاقات کی ہے۔اس موقع پر بل گیٹس نے پولیو کے مہلک وائرس کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔
انھوں نے ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مثبت تبدیلیوں کے لیے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے تاکہ عام آدمی کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں بہترانداز میں مہیا کی جاسکیں۔
میاں نوازشریف نے بل گیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سال اب تک پاکستان بھر میں پولیو کے صرف بتیس کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ گذشتہ سال پولیو کے تین سو چھیانوے کیس سامنے آئے تھے۔
انھوں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا اور ان کا ملک میں صحت اور سماجی بھلائی کے دوسرے شعبوں میں شروع کیے گئے منصوبوں پر شکریہ ادا کیا۔