پاک سعودی تعلقات روز بروز مستحکم ہو رہے ہیں: نواف بن سعید المالکی
سعودی سفیر نے بلوچستان زلزلہ متاثرین میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے
پاکتسان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے وزیراعلی جام کمال خان سے اسلام آباد میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔
سعودی سفارتخانے کے ٹویٹر پیغام کے مطابق ملاقات کے دوران بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور بلوچستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تکنیکی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلی #جام_کمال_خان نے #کوئٹہ میں اپنے آفس میں محترم سفیر@AmbassadorNawaf سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات اور انہیں معاشی شعبے میں مزید مضبوط بنانے پر اور #بلوچستان کے علاقے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ pic.twitter.com/i3QNs5OYw8
— السفارة في باكستان - سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) March 12, 2019
ملاقات میں اس امر پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کےدرمیان موجود دیرینہ اور برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ومعاشی روابط اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ اس حوالے سے امور کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین اور سعودی حکومت تمام مشکل حالات اور کڑے وقت میں پاکستان بھائیوں کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کو ہمیشہ سعودی عرب کا تعاون حاصل رہے گا۔
وزیر اعلی بلوچستان نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور سعودی سفیر کو سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کی پالیسی سرمایہ کاروں کو دی جانے والے سہولیات اور ترغیبات سے آگاہ کیا۔
درایں اثنا سعودی عرب کے سفیر نواف سید المالکی نے آواران اور تربت کے علاقے ڈھنڈار میں 2013ءمیں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے لیے سعودی گرانٹ سے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت زلزلہ متاثرین میں چیک تقسیم کیے۔ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزراء میز ضیاء لانگو سردار عبدالرحمن کیتھران میر نصیب اللہ مری اور میر محمد خان لہڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے زلزلہ متاثرین کےلیے آٹھ ہزار مکانات کی تعمیر کے لیے ڈھائی ارب روپے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر نو کے لیے 105 ملین روپے اور متاثرہ علاقے میں لوگوں کے روزگار کی بحالی کےیے 155 ملین روپے کی خطیر گرانٹ مختص کی گئی ہے جس میں شمسی توانائی کےیونٹ کی تنصیب بھی شامل ہے۔ روزگار کی بحالی کی گرانٹ کے تحت لائیوسٹاک اور زراعت کےشعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور علاقے کےعوام کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خطیر گرانٹ کی فراہمی پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ کی جانب سے سعودی سفیر کو ان کے دورہ بلوچستان کا یادگاری سووینیئر پیش کیا۔