گجرات کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا تربیتی جہاز تباہ، دو پائلٹ جاں بحق
پاکستان کی آرمی ایوی ایشن کے زیر استعمال مشاق طرز کا ایک تربیتی طیارہ گجرات کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ جاں بحق ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشاق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے میں انسٹرکٹر میجرعمر اور تربیتی پائلٹ لیفٹیننٹ فیضان جاں بحق ہو گئے۔ میجرعمر گجرات اور لیفٹیننٹ فیضان کا تعلق کلر کہار سے تھا۔ میجر عمر نے پسماندگان میں بیوہ چھوڑی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے ثبوت وشواہد جمع کرنا شروع کر دیے۔
خیال رہے مارچ کے مہینے میں اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم جان بحق ہو گئے تھے۔
پاکستان فضائیہ کے مطابق تباہ ہونے والا جنگی طیارہ ایف سولہ 23 مارچ کو منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے تیاریوں میں شریک تھا کہ شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔