یومِ آزادی: برج الخلیفہ پربرقی قمقموں میں پاکستان کاجگمگاتا قومی پرچم
پاکستان کے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر جمعہ کی شب دنیا کی سب سے بلند وبالا عمارت دبئی کے برج الخلیفہ پر پاکستان کے قومی پرچم کے سبز اورسفید رنگوں کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے۔
اس اسکائی کریپر کو ایل ای ڈی کے ذریعے روشن کرنے کے موقع پر پاکستانی تارکین وطن اور اماراتی شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور جونھی برج الخلیفہ پر پاکستان کے قومی پرچم کے رنگ جگمگائے تو وہ خوشی سے جھوم اٹھے اور انھوں نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا‘‘ پاکستان کے نعرے لگانے شروع کردیے۔
برج خليفة يضيء بمناسبة يوم استقلال باكستان. نتمنّى لأشقائنا دوام الأمن والازدهار#BurjKhalifa lights up for Pakistan's Independence Day. We wish them peace and prosperity pic.twitter.com/XoeI8HkAuA
— Burj Khalifa (@BurjKhalifa) August 14, 2020
یو اے ای کے شہریوں نے ٹویٹر پر پاکستانیوں کو یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد کے پیغامات بھی دیے ہیں۔دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے بھی یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقاریب منعقد کی ہیں اور مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی ہیں۔
ادھر پاکستان میں روایتی جوش وخروش اور قومی جذبے سے یوم آزادی منایا گیا ہے اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوس منعقد کیے گئے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم سے متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ملک کو اس کے بانیان کے افکار کی روشنی میں ایک جدید ترقی یافتہ فلاحی جمہوری ریاست بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اسلامیانِ ہند کی انگریز سے آزادی کے لیے ایک طویل اور صبرآزما جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 ء کو دنیا کے نقشے پر ابھرا تھا۔ہندوستان کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں یہ عظیم کامیابی حاصل کی تھی اور وہ انگریزوں اور ہندوؤں کی ریشہ دوانیوں کے باوجود اپنے لیے الگ وطن کے حصول میں کامیاب ہوئے تھے۔