پاکستان، سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں: وزیراطلاعات
بلوچستان میں شاہ سلمان ریلیف کی جانب سے موسم سرما کے امدادی سامان کی تقسیم
پاکستان کے وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں۔
انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب کی طرف سے ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی سیاسی، سٹرٹیجک اور اقتصادی تعلقات ہیں۔
#اسلام_آباد |دشن سفير #خادم_الحرمين_الشريفين لدى #باكستان الأستاذ نواف بن سعيد المالكي @AmbassadorNawaf وبحضور معالي وزير الإعلام الباكستاني السيد فؤاد شودري @fawadchaudhry مشروع الكسوة الشتوية لعام 2021م والمقدمة من مركز الملك سلمان للاغاثه والأعمال الإنسانية. pic.twitter.com/E1DJ0odWie
— السفارة في باكستان - سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) November 4, 2021
وفاقی وزیر نے کہاکہ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان میں ناگہانی آفات کی صورت میں امداد کی فراہمی کے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ’شاہ سلمان ریلیف فنڈ کے ذریعے فلاحی کام قابل تحسین ہیں، ونٹر ریلیف پراجیکٹ کے ذریعے غریب طبقے کو چھت میسر آئے گی۔‘ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے اس موقع پر کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
بلوچستان میں ونٹر امدادی سامان کی تقسیم
ادھر شاہ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے صوبہ بلوچستان کے سرد ترین علاقوں میں مستحق افراد میں سردیوں کے امدادی پیکج کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا۔
سعودی سفارت خانے کی پریس ریلیز کے مطابق اس پیکج کے تحت بلوچستان کے 10 اضلاع میں ریلیف پیکیج تقسیم کیا جائے گا جبکہ ہرنائی کے 10 ہزار زلزلہ متاثرین گھرانوں کے علاوہ بکا خیل کیمپ کے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز میں بھی ریلیف پیکج تقسیم کیا جائے گا۔

کنگ سلمان ریلیف کے امدادی پیکیج میں 58 ہزار رضائیاں اور 29 ہزار سردیوں کے سامان کی کٹس بیں جن میں مردانہ زنانہ گرم شالیں اور بچوں وبڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل ہیں۔
کنگ سلمان ریلیف کا یہ پیکج این ڈی ایم اے، صوبائی حکومت اور پاکستانی غیر سرکاری تنظیم کی مدد سے تقیسم کیا جائے گا جس سے مجموعی طور پر 2 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
یہ منصوبہ مملکت سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے تحت آتا ہے، جس کی نمائندگی شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف سنٹر کرتے ہیں تاکہ پاکستان کے سرد ترین علاقوں میں رہنے والے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔