مکہ قرآن میوزیم میں قازان سے آیا 120 سال پرانا نایاب مصحف سب سے اہم نوادرات میں شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مکہ مکرمہ کے حِراء کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم اپنی تاریخی نوادرات میں سے ایک نایاب ترین مصحف کی نمائش کر رہا ہے، جو تقریباً 120 سال قبل روس کے شہر قازان میں طبع کیا گیا تھا۔

یہ اقدام مصحفِ شریف کی طباعت کی تاریخ اور اس علمی و تحقیقی کاوش کو دستاویزی شکل دیتا ہے، جو مسلمانوں نے قرآنِ مجید کی خدمت اور اسے دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے انجام دی۔

بیسویں صدی کے آغاز کی تاریخی نسخہ

یہ میوزیم مصحفِ شریف کا ایک نایاب نسخہ محفوظ کیے ہوئے ہے ،جو 1324 ہجری (1906 عیسوی) میں قازان میں طبع کیا گیا تھا۔ اسے قازان میں چھپنے والے ابتدائی مصاحف میں شمار کیا جاتا ہے، جو اپنے زمانے میں اسلامی کتب اور مصاحف کی طباعت کے حوالے سے نمایاں حیثیت رکھتا تھا۔

یہ نسخہ اسلامی طباعت کی تاریخ میں ایک اہم مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں جدید طباعتی تکنیکوں کے آغاز کے باوجود متنِ قرآن کی صحت اور تقدس کو مکمل طور پر برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

حواشی پر علمی شروحات

یہ مصحف اپنی تاریخی اہمیت کے ساتھ ساتھ علمی قدر و قیمت کے اعتبار سے بھی نمایاں ہے۔ اس کے حواشی پر تفسیر سے متعلق شروحات اور علمی نوٹس درج ہیں، جو آیاتِ قرآنی کے معانی کی وضاحت کرتے ہیں اور قرآنِ مجید کی تفسیر میں علماء کی علمی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہیں۔یوں یہ مصحف ایک ایسی اہم دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جو طباعتی ورثے اور اسلامی علمی روایت دونوں کو یکجا کرتا ہے۔

قرآنی نوادرات کے تحفظ میں تعاون

یہ مصحف مکہ مکرمہ میں واقع حِراء کلچرل ڈسٹرکٹ کے قرآن میوزیم میں، شاہ فیصل سینٹر برائے اسلامی تحقیق و مطالعات کے تعاون سے نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، جو اس نادر نسخے کو اپنے علمی ذخیرے کا حصہ بھی رکھتا ہے۔

یہ اقدام قرآنی نوادرات کو اجاگر کرنے اور زائرین کو مصحفِ شریف کی طباعت کے تاریخی مراحل سے روشناس کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جن میں علمی اور فنی دونوں سطحوں پر کی جانے والی کاوشیں شامل ہیں ،جنہوں نے قرآنِ کریم کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

قرآن میوزیم کو دنیا کا پہلا ایسا خصوصی میوزیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے ،جو مکمل طور پر قرآنِ کریم کے لیے وقف ہے۔ یہاں نایاب مصاحف اور مخطوطات کا ایک وسیع مجموعہ موجود ہے ،جو قرآنِ مجید کی کتابت اور طباعت کی تاریخ کو محفوظ کرتا ہے۔

میوزیم جدید تکنیکی ذرائع پر مبنی ایک تعاملی (انٹرایکٹو) تجربہ بھی فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے زائرین اسلام کے ابتدائی دور سے لے کر جدید زمانے تک قرآنِ مجید کے تحفظ اور خدمت کے اہم مراحل کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔یہ مصحف میوزیم کے مجموعے میں ایک اہم اضافہ ہے اور عرب دنیا سے باہر اسلامی طباعت کی تاریخ کا ایک نمایاں دریچہ بھی فراہم کرتا ہے، جو مکہ مکرمہ کی ثقافتی اہمیت کو اس کی روحانی حیثیت کے ساتھ مزید مضبوط بناتا ہے، کیونکہ یہ شہر مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں