.

کرونا وائرس، مزید ایک شہری جاں بحق، 113 نئے کیسز رپورٹ

58مریضوں کی حالت تشویشناک، مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 20 فیصد ریکارڈ کی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مہلک عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید ایک شہری جاں بحق ہو گیا، گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 113نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں کرونا وائر س کے کیسز میں پھر اضافہ ہونے لگا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا مثبت کیسز کی شرح 1اعشاریہ 20 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ملک کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 50 ویں نمبر پر ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس موذی وبا سے ایک اور مریض انتقال کر گیا۔

پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 113 کیسز سامنے آئے، مزید 85 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 384 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 15لاکھ 32 ہزار 266 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 396 زیرِ علاج مریضوں میں سے 58 کی حالت تشویش ناک جبکہ کل 14 لاکھ 98 ہزار 486 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 9 ہزار 406 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 88 لاکھ 61ہزار 676 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ 6 ہزار 488 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 25کروڑ 99لاکھ 93ہزار 241کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں، 12 کروڑ 48 لاکھ 70 ہزار 23 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے جبکہ 1 کروڑ 63 لاکھ 32 ہزار 926 افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہیں۔

سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 78 ہزار 339 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 8 ہزار 108 ہو گئیں۔

پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 5 لاکھ 7 ہزار 719 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 566 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار 798 ہو چکی ہے جبکہ اس سے یہاں کل اموات 6 ہزار 324 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 35 ہزار 783 کرونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے جبکہ اب تک یہاں کل 1 ہزار 25 افراد اس وبا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کرونا وائرس کے اب تک 43 ہزار 362 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کل 792 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کرونا وائرس کے بلوچستان میں اب تک 35 ہزار 512 مریض رپورٹ ہوئے جہاں 378 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 753 مریض سامنے آئے جبکہ اس سے اب تک 191 افراد جاں بحق ہوئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں