آزادجموں وکشمیرمیں سڑک حادثے میں پاک فوج کے 9 جوان شہید، 4 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کے زیرانتظام آزاد ریاست جموں وکشمیر کے ضلع باغ میں پاک فوج کے نو جوان ایک فوجی گاڑی سڑک کنارے نالے میں گرجانے سے شہید ہوگئے ہیں اورمزید چار زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسزپبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ ضلع باغ کےعلاقے شجاع آباد میں اس وقت پیش آیا جب فوجی معمول کی ڈیوٹی پر تھے اور ان کی گاڑی اتوارکونصف شب کے بعد ایک نالے میں جا گری۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی منتقل کیا گیا جبکہ منگلا گیریژن میں شہیدوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی ہے۔ راولپنڈی کے کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ساحرشمشاد مرزا اور دیگر فوجی حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں کام آنے والے فوجی جوانوں کی میّتیں ان کے آبائی شہروں میں روانہ کردی گئی ہیں جہاں انھیں’’مکمل فوجی اعزاز‘‘کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

چیک پوسٹ کے انچارج محمد الطاف کے مطابق حادثے کا شکارہونے والا ٹرک فوجی قافلے کا حصہ تھا لیکن دیگرگاڑیوں سے آگے تھا۔نصف شب کے وقت وہ شجاع آباد پولیس چوکی سے کچھ دورسڑک سے نیچے کھائی میں گرنے کے بعد نالے میں جاتارہا۔

انھوں نے بتایا کہ حادثے کے شور سے قریبی رہائشی بیدار ہوگئے او وہ انتہائی مشکل صورت حال میں امدادی کام کرنے کے لیے موبائل فون اورلالٹین لے کر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔اس کے بعد قافلے میں شامل باقی گاڑیاں اور پوسٹ سے پولیس اہلکار بھی امدادی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سات فوجی موقع پرہی جان کی بازی ہارگئے اور چھے شدید زخمی ہوگئے۔ان میں سے صرف دو بول سکتے تھے۔انھوں نے فوری طور پر باغ اور راولاکوٹ میں پولیس کنٹرول رومز کو جائے حادثہ پر ایمبولینسیں بھیجنے کی اطلاع دی تھی اور ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں تمام چھے زخمی فوجیوں کو شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان اسپتال منتقل کردیا گیا۔اس کو سی ایم ایچ راولاکوٹ بھی کہا جاتا ہے۔دوشدید زخمی فوجی اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ گئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں