پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف ان دنوں شنگھائی تعاون تنظیم [ایس سی او] کے سربراہان مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے ازبکستان کے شہر سمرقند میں ہیں۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ایس سی او کے جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے سربراہی اجلاس کے موقع پر سمٹ میں شرکت کرنے والے متعدد عالمی راہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعرات ہی کے روز پاکستانی وزیر اعظم نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، روسی سربراہ ولادی میر پوتین اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر گریگوری وچ لوکاشینکو سے ملاقات کی۔
عالمی رہنمائوں سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔