لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ [ن] کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل تین رکنی فل بینچ نے مریم نواز شریف کی جانب سے پاسپورٹ واپسی کے لئے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز سے سوال کیا کہ کیا آپ نے پہلے بھی درخواست دائر کی تھی اور وہ کس بنیاد پر تھی؟اس پر امجد پرویز نے بتایا کہ مریم نواز نے اس سے قبل عمرے کے لئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست دائر کی تھی۔
چیف جسٹس نے امجدپرویز نے مزید استفسار کیا کہ کیا آپ کی وہ درخواست ابھی زیر سماعت ہے؟ اس پر امجد پرویز نے کہا کہ ہم پہلے والی درخواست واپس لے لیتے ہیں۔ عدالت نے پہلی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
اس کے بعد نئی درخواست پر دلائل کا آغاز کرتے ہوئے امجد پرویز کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کسی کو بھی اس کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، کسی بھی شہری کو بنیادی آئینی حقوق سے غیر معینہ مدت تک محروم نہیں رکھا جاسکتا ۔ نیب نے چار سال قبل کیس بنایا تھا اور نیب نے مریم نواز کو جیل سے گرفتار کیا تھا لیکن چار سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود نیب اب تک تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام ہے، نہ ہی متعلقہ عدالت میں کوئی چالان جمع کروایا گیا ہے، نہ کوئی انویسٹی گیشن رپورٹ یا ریفرنس عدالت میں داخل کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے دوران سماعت نیب وکیل سے اسفسار کیا کہ آپ کو درخواست پر کوئی اعتراض ہے یا نہیں تواس پر نیب وکیل نے بیان دیا کہ نیب کو مریم نواز کی درخواست یا انہیں پاسپورٹ واپس دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔ نیب وکیل کا کہنا تھا کہ ہم یہ بھی دیکھ رہے کہ مریم نواز کا کیس نئے نیب قانون کے تحت ہمارے دائرہ اختیار میں آتا بھی یا نہیں۔
عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل ڈپٹی اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ آپ بتائیں کہ آپ کو اس درخواست پر کوئی اعتراض ہے،اس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی یہی بیان دیاکہ انہیں مریم نواز کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے اگر عدالت چاہے تو مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کردے۔
تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مختصر حکم سناتے ہوئے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کر لی۔
-
ایوان فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر باعزت بری
آج اس شخص کا چہرہ دیکھنا چاہتی ہوں، جس نے جھوٹا الزام لگایا: مریم نواز
پاكستان -
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پی ٹی آئی کارکنوں نے لندن میں گھیر لیا
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو لندن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ...
ایڈیٹر کی پسند -
لاہور ہائی کورٹ کے ججز کی مریم نواز کا پاسپورٹ کیس سننے سے چوتھی بار معذرت
لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے فاضل رکن نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کے ...
پاكستان