جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پر بلوچستان کے علاقے ژوب میں جمعے کو بم حملہ ہوا ہے۔ سراج الحق کے آفیشل فیس بک پیج پر کہا گیا کہ وہ ’مکمل طور پر محفوظ اور خیریت سے ہیں۔‘
جماعت اسلامی نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر ژوب بلوچستان میں خود کش حملہ، حملہ آور مارا گیا ۔۔۔ سراج الحق محفوظ ہیں۔ جلسہ عام سے خطاب کے لیے ژوب میں موجود تھے۔‘
دھماکے میں سراج الحق اور دیگر رہنما محفوظ رہے جب کہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے حملہ آور مارا گیا ہے ہےالحمدللہ سراج الحق اور دیگر تمام احباب محفوظ ہیں
— Ameer Ul Azim (@Ameerulazim) May 19, 2023
دریں اثنا سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے ٹویٹ میں بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے حملہ آور مارا گیا ہے, الحمدللہ سراج الحق اور دیگر تمام احباب محفوظ ہیں۔
جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت کو قافلے کی صورت میں لے جایا جا رہا تھا کہ خودکش حملہ آور نے اس دوران دھماکہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے