پاکستان کی اسلامی نظریاتی کونسل نے وزارت حج کے استفسار پر خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کے مطابق فقہ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق شریعت میں خاتون کے بغیر محرم کےحج کی گنجائش موجود ہے۔
کونسل کے مطابق محرم کے بغیر خاتون کیلئےحج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے مطابق محرم میسر نہ ہونے پر عورت پر حج فرض نہیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ایسی عورت جسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جا سکتی ہے۔ ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق وہ عورت جسے سفر اور دوران حج کسی فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو بغیر محرم حج کے لئے جا سکتی ہے، ایسی عورت جس گروپ کے ہمراہ حج پر جائے اس کے بارے میں وزارت مذہبی امور چھان بین کرے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ گروپ ممبران کے بارے میں اطمینان کر لینے کے بعد ہی کسی عورت کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دی جائے۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نئے حکم نامے میں 45 سال سے زائد عمر کی خواتین کو حج کے لئے محرم کے ساتھ آنے کی شرط کو ختم کر دیا تھا۔