’’بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی 4 ماہ تک بغیر ٹیکس دیے موبائل استعمال کرسکیں گے ‘‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
5 منٹس read

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کا اجرا کر دیا جبکہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی تارکین وطن کے لئے جلد نان فنانشل پیکج کا اجرا جلد کریں گے۔ زراعت، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وہ منگل کو سمندر پار پاکستانیوں کے موبائل فونز کے لئے عارضی رجسٹریشن کے نظام کے اجرا کی تقریب سےخطاب کر رہے تھے۔سمندرپار پاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ تارکین وطن کے لئے عارضی رجسٹریشن آن لائن نظام کا اجرا کیا ہے اس پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور وزارت کے اعلیٰ حکام، ایف بی آر، پی ٹی اے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ایک اہم ڈیوائس ہے جو سمندر پار لاکھوں پاکستانیوں کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔ انہیں یہ سہولت گھر بیٹھے میسر آئے گی۔ وہ 4 ماہ تک بغیر ٹیکس دیئے اپنا فون استعمال کر سکیں گے۔ اس میں 120 دن کی توسیع بھی دی جائے گی۔

اس میں مخصوص کیسز کی بجائے سب کو یہ سہولت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں اس وقت بے پناہ سپورٹ ملی ہے۔ پاکستان کی آبادی کے کروڑوں بچے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور اس میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس سیکٹر میں بہت مواقع ہیں، اس کو ضائع نہیں ہونے دینا۔ وزارت آئی ٹی محنت سے خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ بجٹ میں وزیر اعظم یوتھ سکیم کے تحت نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔

معاشی بحالی کا پروگرام مشکل سے معرض وجود میں آیا ہے۔ زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور برآمدات اس کے لازمی عناصر ہیں۔ وزارت آئی ٹی کا اس میں کلیدی کردار ہے۔ آئی ٹی کی تربیت کے لئے تیزی سے کام کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موبائل فونز پر ٹیکس عائد نہ کرنے کی رائے صائب ہے لیکن اس پر فیصلے کے لئے مزید اجتماعی مشاورت اور سوچ بچار کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں بچوں کو میرٹ پر دوبارہ لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔ سکول کے بچوں اور اساتذہ کو ٹیبلٹ کی فراہمی کا پروگرام بھی شروع ہونا چاہیے تھا۔ سکولوں میں حاضری کے نظام کو بھی ڈیجٹیلائزڈ کیا جائے تو یہ ایک انقلابی قدم ہو گا۔ اس میں کوئی رد وبدل نہیں کیا جا سکتا۔ ووکیشنل ٹریننگ کے لئے آئی ٹی پارک میں تیزی لائی جائے۔ وزارت کی ٹیم عرق ریزی سے کام کرے تو اس سیکٹر میں ہم تیزی سے ترقی کر سکتے ہیں۔

سمندر پار پاکستانیوں کو موبائل کی عارضی رجسٹریشن کی سہولت دوسری بار بھی بلاتفریق دی جانی چاہیے، اگر اس میں تفریق روا رکھی گئی تو یہ سرخ فیتے کی نذر ہو جائے گا۔ تارکین وطن کو وطن واپسی پر جو بھی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں، وہ کرنی چاہئیں۔ اس کے لئے آئندہ چند دنوں میں نان فنانشل پیکج کا اعلان کر رہے ہیں۔

تقریب سے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عارضی رجسٹریشن کے نظام سے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو 120 دن تک اپنافون بغیر ٹیکس ادا کئے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ وہ اس میں 120 دن کی توسیع بھی کروا سکتے ہیں۔ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موبائل فون پر ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستان میں پہلی بار موبائل فون تیار کرنے کے کام کا آغاز ہو ا ہے۔ 28 مختلف کمپنیاں یہاں فون تیار کر رہی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار موبائل فون برآمد کئے گئے۔ آئندہ ماہ اقتدار سے الگ ہو جائیں گے اور قوی امید ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں دوبارہ برسر اقتدار آ کر اس کام کو اسی طرح جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم کا وژن آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور سرمایہ کاری بڑھانا ہے جبکہ ان کا وژن سمارٹ فون فار آل ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں