وزیرستان حملے میں جاں بحق افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر اور آرمی چیف بھی شریک

بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، آصف زرداری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گذشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے، پاک فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا بہادر بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا عظیم قربانی بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے جو ان کی شہادت کی صورت میں موجود ہے۔

صدر آصف زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی: آئی ایس پی آر

ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گذشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران بھی شریک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں