وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لئے روانہ ہو گئے
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔
وزیراعظم عالمی صحت ،فنانشل ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
عالمی اقتصادی فورم کے اس خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم کی اہم عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اہم اراکین وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہوں گے۔