بلوچستان میں دہشت گروں کا نیٹ ورک بے نقاب؛ کالعدم ٹی ٹی پی کے سرکردہ کمانڈر گرفتار
کالعدم ٹی ٹی پی کے گرفتار کمانڈر نصر اللہ نے اعترافی ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ بھارتی ایجنسی ’را‘ نے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کا الحاق کروایا جبکہ ٹی ٹی پی کو موجودہ افغان حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو اہم کمانڈروں نصر اللہ عرف مولوی منصور اور ادریس عرف ارشاد کو گرفتار کر کے بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں کے لیے اڈے بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں صوبائی حکام کے ساتھ بدھ کے روز ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا ’’کہ گذشتہ دنوں دہشت گردوں کی گرفتاری سے متعلق بڑی کامیابی ملی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں نے ایک پیچیدہ آپریشن کیا، کارروائی میں اہم دہشت گرد کمانڈر کو گرفتار کیا گیا، ان میں کمانڈر نصراللہ اور کمانڈر ادریس شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار کمانڈر نصراللہ ٹی ٹی پی شوری کے دفاعی کمیشن کا ممبر بھی رہا ہے، بعد ازاں انہوں نے دہشت گرد نصر اللہ کا ویڈیو پیغام سنایا۔
اپنے بیان میں گرفتار دہشت گرد نے بتایا’’کہ میرا نام نصر اللہ ہے، میرا تعلق محسود قبیلے سے ہے اور ان کے پلیٹ فارم سے تخریبی کارروائیوں میں حصہ لیتا رہا ہوں، جب ٹی ٹی پی وجود میں آئی تو میں شامل ہو گیا۔‘‘
گرفتار دہشت گرد کا کہنا تھا ’’کہ سارے کاموں کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ تھا، میں ضرب عضب آپریشن کے دوران افغانستان فرار ہو گیا اور وہاں پکتیکا میں رہنے لگا، ان 16 سالوں میں میں نے پاکستان کی سکیورٹی اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی میں حصہ لیا، میں نے شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسمعیل خان اور پاک افغان بارڈر میں پاک فوج کے مختلف پوسٹس پر کئی حملوں میں حصہ لیا۔‘‘
گرفتار کمانڈر نصر اللہ نے بتایا ’’کہ گرفتاری کے وقت ٹی ٹی پی شوریٰ کے دفاعی کمیشن کے سربراہ کے طور پر کام کر رہا تھا، میں تمام تر عسکری، مالی اور اقتصادی امور کو مرکزی طور پر کنٹرول کر رہا تھا۔ ٹی ٹی پی کے تمام کمانڈر کھلے عام افغانستان میں گھوم پھر رہے ہیں۔ ٹی ٹی پی کے کمانڈرز کی پشت پناہی بھی انڈین خفیہ ایجنسی را کر رہی ہے۔‘‘
میر ضیا لانگو نے کہا ’’کہ کمانڈرز کی گرفتاری پر انٹیلی جنس اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عالمی دنیا کے سامنے اب کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، ان واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ بھارت کینیڈا اورامریکہ میں بھی ایسی کارروائیوں میں ملوث ہے، ہندوستان 20 سال سے پاکستان میں دہشت گردی افغانستان سے کرا رہا ہے۔‘‘
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایسے عناصر کو پہچانیں اپنی آنکھیں کھولیں، معصوم لوگوں کو ورغلا کر پہاڑوں پر لے جایا جاتا ہے، ایک طرف یہ اسلام کی بات کرتے ہیں عمل غیر اسلامی ہیں، طالبان کہتے ہیں پاکستان میں اسلامی نظام لائیں گے۔
انہوں نے کہا ’’کہ ان کا انویسٹر ایک ہی ہے، جو ان سے دو اینگلز سے کام لے رہا ہے، بلوچستان کے عوام کو میرا پیغام ہے کہ جو نوجوان پہاڑوں پر گئے ہیں ان کو ورغلایا اور گمراہ کیا گیا ہے، یہ پاکستان آپ کا وطن ہے اپنی سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں، دشمن کے عزائم آپ کے ملک کو دہشت گردی میں دھکیلنا چاہتے ہیں، آپ سب مل کر دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔‘‘
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے کچھ گمراہ لوگ اپنےخاندانوں کا بھی نقصان کر رہے ہیں، ہماری سکیورٹی ایجنسیز نے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا، انٹیلی جنس ایجنسیز نے بہت بڑی تباہی کا منصوبہ بنانے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے۔