وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے بارے میں خلیجی ممالک کے تاجروں کے لئے ویزے کے بغیر داخلے کی منظوری دی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو چوبیس گھنٹے کے اندر آن لائن ویزے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان 126 ملکوں کے تاجر اور سیاح ویزا فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کوفروغ دینے کیلئے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے تحت ایک ذیلی کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کے خودکار نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔