پاکستان نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں ایک مشتبہ میزائل حملے میں ہلاکت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔
اس امر کا اظہار پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان آج تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہم ان کے اہل خانہ اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے جس میں ماورائے عدالت قتل بھی شامل ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ہمیں ایران کے صدر کے افتتاح کے موقع پر اس لاپرواہ کارروائی سے شدید صدمہ پہنچا ہے جس میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، اسرائیل کی تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے ہی عدم استحکام کے شکار خطے میں تناؤ میں مزید اضافہ کر رہی ہیں اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچارہی ہیں۔