پاکستانی فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے تین اضلاع میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس میں پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق 26 اگست کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں سکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 اگست کو بلوچستان کے ضلع کیچ، پنجگور اور ژوب میں انفارمیشن بیسڈ آپریشن( آئی بی او ) کیا۔ اس آپریشن کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
26 اگست کو بلوچ مسلح گروپوں سے تعلق رکھنے والے جنگجوئوں نے اتوار کی شام بلوچستان میں متعدد سول اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 19 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ فوج نے کہا کہ اس نے جوابی کارروائی کی، جس میں 21 عسکریت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ان علاقوں میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے یہ آپریشن دہشت گردوں ان کے سہولت کاروں کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔