پاکستانی ساختہ جیٹ طیاروں جے ایف 17 تھنڈر نے سعودی عرب کی منعقد کردہ مشقوں میں طویل فاصلے تک کے آپریشن میں غیرمعمولی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ بات سعودی عرب میں بین الاقوامی مشقوں کا اہتمام کرنے والے فوجی ادارے کے بیان میں کہی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ایئرفورس نے سعودی مشقوں 'رماح النصر 2025' میں شاہ عبدالعزیز ایئربیس پر حصہ لیا۔ ان مشقوں میں سعودی عرب، بحرین، فرانس، یونان، قطر، متحدہ عرب مارات اور برطانیہ کے علاوہ امریکی جہازوں نے بھی حصہ لیا۔
یہ مشقیں اس ماہ کے آغاز سے چل رہی تھیں اور اب اختتام کو پہنچ گئی ہیں۔ مشقوں کا مقصد اپنی صلاحیت کو تازہ کرنا ، صلاحیتوں کی استعداد کا اظہار کرنا اور مختلف ممکنہ چیلنجوں کے لیے تیار رہنے کی کوشش تھا۔
'آئی ایس پی آر' کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پی اے ایف ' کے جہازوں نے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے نان سٹاپ اڑان بھری۔ اور جے ایف 17 بلاک تھری طیاروں نے طویل فاصلے تک آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ '
جے ایف 17 بلاک تھری نے جدید لڑاکا طیاروں کے خلاف اپنی جنگی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تکنیکی طاقت و آپریشنل صلاحیت کے لیے پہچان حاصل کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'پی اے ایف' کی مشترکہ مشقوں اور جنگی تربیت میں شرکت پاکستان کے فضائی محاذ میں آگے رہنے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔