پاکستان فوج نے آپریشن بنیان مرصوص کی تکمیل کا اعلان کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کا اعلان کر دیا۔

افواج کے شعبہ تعلقات عامہ [آئی ایس پی آر] کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے 10 مئی تک ہونے والی جھڑپوں کو معرکہ حق کا نام دیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اعلامیے میں بتایا کہ اس کے بعد 10 مئی کو پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کی 6 اور 7 مئی کو ہونے والی جارحیت کے خلاف آپریشن "بُنیان مرصوص" کامیابی سے مکمل کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے ان مظالم کا بدلہ لینے اور انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور الحمد اللہ ہم نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر کے دکھایا۔ جس پر ہم ربِ ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں ظلم کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی توفیق دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دیا گیا ردعمل مشترکہ عسکری ہم آہنگی، جدید جنگی شعور، نیٹ ورک بیسڈ وارفیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی اعلیٰ مثال تھا۔ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر مکمل ہم آہنگی سے 26 سے زائد دشمن کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سرسا، بھُج، نالیا، آدمپور، بٹھنڈا، پٹھان کوٹ، سرینگر، ادھم پور، جموں میں فضائی اور عسکرے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ 10 بریگیڈ، 80 بریگیڈ، راجوری، نوشہرہ کے ہیڈکوارٹرز تباہ کیے گئے جبکہ دہشت گردی پھیلانے کیلیے راجوری اور نوشہرہ میں قائم کیے گئے بھارتی اڈے و تربیتی مراکز بھی تباہ کیے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایل او سی پر دشمن کی پوسٹیں اور توپ خانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، حتیٰ کہ انہوں نے سفید جھنڈے بلند کیے اور جنگ بندی کی اپیل کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جس کے جواب میں پاکستانی مسلح افواج نے اپنے مسلح ڈرونز سے بھارت کے بڑے شہروں بشمول نئی دہلی تک پیغام پہنچایا کہ ہم بھی اُن سے زیادہ ڈرونز کی بھرپور طاقت رکھتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سائبر محاذ پر بھی اہم بھارتی عسکری نیٹ ورک اور بنیادی ڈھانچے کو وقتی طور پر مفلوج کیا گیا جبکہ آپریشن کے دوران پاکستان نے صرف مخصوص اور محدود نوعیت کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا، تمام حملے صرف اُن ٹھکانوں پر کیے گئے جو براہِ راست دہشت گردی یا معصوم پاکستانیوں کے قتل میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کوئی بھی اس غلط فہمی نہ ہے کہ وہ پاکستان کی خودمختاری کو چلینج کرے گا، اگر ایسا ہوا تو ہمارا جواب ہمہ گیر اور فیصلہ کن ہو گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں