"اسرائیلی وزیر کی مسجد اقصٰی میں اشتعال انگیز پوجا پاٹ انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر حملہ ہے"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزیر کی اشتعال انگریز حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر حملہ ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ ’اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی یہ بےحرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’قابض طاقت کی طرف سے اس طرح کی منظم اشتعال انگیزیاں‘ امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ ’اسرائیل کے بےشرمانہ اقدامات جان بوجھ کر فلسطین اور وسیع خطے میں تناؤ کو ہوا دے رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ کو مزید عدم استحکام اور تنازعات کے قریب دھکیل رہے ہیں۔‘

پاکستانی وزیراعظم نے ایک بار پھر بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام جارحیت کے خاتمے اور ایک قابل اعتماد امن عمل کی کوششوں پر زور دیا ہے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے اتوار کو مسجد کے احاطے میں یہودی دعا کا عوامی طور پر انعقاد کیا تھا۔ یہ ایک انتہائی متنازع اقدام ہے جو اس مقام پر طے شدہ پرانے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

مسجد اقصیٰ اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے، جبکہ یہودیوں کے نزدیک بھی یہ سب سے مقدس جگہ ہے، جہاں ان کے پہلے اور دوسرے ہیکل واقع تھے۔

یہاں یہودی مذہبی رسومات کی ادائیگی اسرائیل اور اس مقام کے متولی اردن کے درمیان طے شدہ پرانے معاہدے کے تحت ممنوع ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب سمیت متعدد عرب اور اسلامی ملکوں نے بھی اتوار کو اسرائیلی حکومت کے عہدیداروں کی مسجد اقصٰی میں بار بار کی جانے والی ’اشتعال انگیز حرکات‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات خطے میں تنازع کو ہوا دیتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں