قطر پر اسرائیلی حملے ریاستی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں: سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی کا قطر ی ہم منصب کے نام خط؛اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، قطر کی شوری کونسل اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قطر پر اسرائیل کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

قطر کی شوری کونسل کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغانم کے نام اپنے خط میں اپنی اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے اراکین کی جانب سے قطر پر اسرائیلی حملوں پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ حملے نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ ریاستی خودمختاری کے تقدس پر بھی کھلا حملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سرحدوں کا احترام عالمی امن اور سلامتی کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس پر عالمی برادری کی فوری اور دوٹوک مذمت ضروری ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے قطر کی قیادت، شوری کونسل اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر خطے میں سفارتکاری اور قیامِ امن کے لیے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، قطر کی خودمختاری پر حملہ پوری امت مسلمہ کی توہین ہے، اس سے پوری امت کے احساسات بری طرح سے مجروح ہوئے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے عالمی برادری سے ان جارحانہ اقدامات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور مستقبل میں ایسے خلافِ امن اقدامات کی روک تھام کے لیے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے

کہا کہ عالمی قوانین پر مبنی نظامِ امن کا تحفظ ناگزیر ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے قطر کی شوری کونسل کے اراکین اور عوامم کے لیے پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے خط میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ریاست قطر اپنی روایتی استقامت اور وقار کے ساتھ اس آزمائش پر قابو پائے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام اپنے قطری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں