پاکستان نے غزہ کے لیے 100 ٹن امدادی سامان کے ہمراہ طیارہ روانہ کر دیا
سامان میں کمبل، ترپال، کپڑے، حفظانِ صحت اور فیملی کٹس شامل
پاکستان نے فلسطین کے لوگوں کے لیے انسانی امداد کی 27ویں کھیپ ایک طیارے کے ذریعے غزہ روانہ کی ہے جو 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل ہے، یہ بات سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان نے بدھ کو بتائی۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یہ طیارہ مشرقی شہر لاہور سے مقامی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے روانہ کیا۔
ریڈیو پاکستان نے ایک رپورٹ میں کہا، "کھیپ میں کمبل، ترپال، کپڑے، حفظانِ صحت کا سامان اور فیملی کٹس شامل ہیں تاکہ متأثرہ آبادی کی فوری انسانی ضروریات پورا ہو سکیں۔ اس تازہ ترین ترسیل سے فلسطین کو ارسال کردہ انسانی امداد کا کل حجم 2,627 ٹن تک پہنچ گیا ہے۔"
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور مظالم سے اب تک 70,000 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
نومبر میں پاکستان نے براستہ مصر غزہ کے لوگوں کے لیے 100 ٹن انسانی امدادی سامان بھیجا تھا۔
اسرائیل نے انسانی امدادی سامان غزہ پہنچنے سے روک رکھا ہے جس سے گنجان آباد علاقے میں فاقوں اور بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اس سال اکتوبر میں جنگ بندی نافذ ہو جانے کے بعد بھی بحران بدستور برقرار ہے۔