پاکستان : وزیر اعظم شہباز شریف ٹرمپ کے زیر صدارت امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستان نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیر صدارت ہونے والے امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں شرکت کے لیے جائیں گے۔

امن بورڈ کا پہلا اجلاس 19 فروری کو واشنگٹن میں طلب کیا گیا ہے۔

اس امر کا اعلان پاکستان کے دفتر خارجہ نے باضابطہ طور پر کیا ہے۔ امن بورڈ کا قیام غزہ میں اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد دوسرے مرحلے کے سلسلے میں عمل میں لایا گیا ہے۔ امن بورڈ کی صدارت ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پاس رکھی ہے جبکہ کئی ملکوں کے سربراہان کو اس بورڈ میں شامل کیا ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔

امن بورڈ غزہ میں عبوری انتظامیہ کے امور کی مانیٹرنگ کرے گا۔ صدر ٹرمپ کی طرف سے امن بورڈ کے قیام پر بعض سطحوں پر تنقید کی جاتی رہی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ایک متبادل فورم کے طور پر امن بورڈ کو آگے لانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں صدر ٹرمپ کے اس بیان کو بھی حوالے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کہ ان کے زیر صدارت امن بورڈ دنیا کی دیگر جنگوں اور تنازعات کو ڈیل کرنے کے لیے اپنے دائرے کو وسیع کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ 19 فروری کو ہونے والے پہلے امن بورڈ اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو کے امور ایجنڈے پر نمایاں ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے امن بورڈ اجلاس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہاں میں اس کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ وہ واشنگٹن جا رہے ہیں۔ طاہر اندرابی نے ان کے ساتھ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار کے جانے کی بھی تصدیق کی۔

یاد رہے اس امن بورڈ میں او آئی سی اور عرب ملکوں کی نمائندگی موجود ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اس کا حصہ اس لیے بنے ہیں کہ ہم اس سے الگ نہیں رہ سکتے۔

ہماری اجتماعی آواز امن بورڈ میں موجود رہے گی اور ہم فلسطینی عوام کے حقوق کی جدوجہد اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

یاد رہے پاکستان نے آج تک اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا اور اس کے تسلیم نہ کرنے میں بنیادی وجہ پاکستان کے بانیان کا اسرائیل کے لیے واضح مؤقف رہا ہے جو اسے ایک ناجائز ریاست قرار دیتے رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورہ پاکستان کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ابھی ان کی پاکستان آمد کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا انہیں اس دورے کی دعوت وزیر اعظم شہباز شریف نے پچھلے سال دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی۔ ان کا دورہ اسی سال متوقع ہے تاہم ابھی وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں