پاکستان اور مصر کی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں مکمل ہو گئی ہیں۔ 'تھنڈر ٹو' کے نام سے ہونے والی یہ فوجی مشقیں 6 اپریل کو شروع ہوئی تھیں۔ یہ بات پیر کے روز پاک فوج نے بتائی ہے۔
مشقوں کا اہتمام 6 اپریل سے پاکستان کے شمال مغربی صوبے کے پی کے میں سپیشل آپریشنز سکول چراٹ میں کیا گیا۔ دونوں ملکوں کی فوج کے سپیشل سرورسز گروپ یعنی ایس ایس جی کمانڈوز نے ان مشقوں میں حصہ لیا۔ ان مشقوں کو 'پاکستان مصر جوائنٹ ایکسرسائز تھنڈر ٹو' کانام دیا گیا تھا۔
پاک فوج کے میڈیا ونگ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق مشقوں کا مقصد دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کو کامیابی سے ممکن بنانے میں اپنی مہارتوں کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا تھا۔
اس سلسلے میں دوہفتوں کی مشقوں کے دوران ممکنہ آپریشنز کے لیے ڈرلز، طریقہ کار اور مہارتوں کی تربیت کا استعمال کیا گیا۔ پاک فوج کے ایس ایس جی کے جنرل کمانڈنگ آفیسر نے مشقوں کی تکمیل کے بعد بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے ساتھ مصری فوج کے پیرا ٹروپرز کمانڈر میجر جنرل مھمد سعد عبدالرازق بھی بطور خاص موجود تھے۔ ان کے علاوہ مصر کے فوجی اتاشی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط سفارتی، سیاسی اور دفاعی تعلقات ہیں۔ جو پاکستان کی آزادی کے ابتدائی برسوں سے چلے آرہے ہیں۔ مصر وہ ملک ہے جس نے پاکستان کو آزادی کے بعد ابتدائی دنوں میں ہی تسلیم کر لیا اور 1948 میں دو طرفہ سفارتی تعلقات کا آغاز ہو گیا۔
پچھلے سال اکتوبر میں دونوں ملکوں نے باہمی معاشی تعلقات اور دو طرفہ سیکیورٹی آپریشنز کے حوالے سے تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ یہ فیصلہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی قاہرہ میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا۔