پاکستان: بعد از حج پروازیں جاری، 12,000 سے زائد عازمین حج وطن واپس پہنچ گئے
ستر ہزار سے زائد عازمین کے مدینہ منورہ جانے کی توقع ہے
حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ بعد از حج فلائٹ آپریشن کے پہلے تین دنوں میں 12,000 سے زیادہ پاکستانی عازمین سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ حکومتی سرپرستی میں حج کرنے والے 100,000 سے زیادہ عازمین مملکت میں موجود ہیں۔ جیسا کہ حجاج کے سفر اور واپسی کا انتظام حکومت کا ایک سب سے بڑا لاجسٹک آپریشن ہوتا ہے تو اس وقت حکام ملک کی سب سے بڑی تعداد کی سالانہ وطن واپسی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے مدینہ منورہ سے جاری ہونے والی حج اپ ڈیٹ میں کہا، "گذشتہ تین دنوں کے دوران 12,157 عازمین مکہ سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔"
وزارت نے کہا ہے کہ اب تک 5,832 پاکستانی عازمین مدینہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ روایتی طور پر حج کے بعد مسجدِ نبویؐ اور دیگر مقاماتِ مقدسہ کی زیارت کے لیے جاتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی زائرین روضۂ رسولؐ پر حاضری دیں گے، ریاض الجنۃ میں نماز ادا کریں گے اور دیگر دینی مقامات کا دورہ کریں گے۔
وزارت نے کہا ہے کہ مدینہ میں پاکستان حج مشن آنے والے عازمین کی میزبانی اور وطن واپسی سے قبل ان کے قیام کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
پاکستان نے اس سال 31 مئی کو بعد از حج فلائٹ آپریشن شروع کیا جو 30 جون تک جاری رہے گا۔