مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار: دو افسران جاں بحق
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز نے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ آج معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، سروسز چیفس اور پاکستان مسلح افواج کے تمام رینکس نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مسلح افواج کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف ودیگر سیاسی قیادت نے طیارہ حادثے کا گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔