.

برطانیہ سے امریکا تک ہوائی جہاز کا کرایہ صرف 16 ڈالر

مسافر سامان اور طعام کے چارجز مرضی سے ادا کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دُنیا بھر میں فضائی سفر نہایت مہنگا سمجھا جاتا ہے لیکن آئرلینڈ کی ایک فضائی کمپنی نے برطانیہ سے امریکا کے کسی بھی شہر کی پروازوں کے لیے فی مسافر 10 آسٹریلوی پاؤنڈ یعنی 16 امریکی ڈالر کا کم ترین کرایہ مقرر کیا ہے۔

آئرش فضائی فرم "رائن ایئر" کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیکل اولاری نے بتایا کہ ان کے ہوائی جہازوں کا ٹکٹ دوسری کسی بھی فضائی سروس سے کم ہے لیکن برطانیہ اور امریکا کے درمیان تو کمپنی کا کرایہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ لندن سے امریکا کے کسی بھی شہر کی پرواز کے لیے صرف دس آسٹریلین پاؤنڈ یعنی سولہ ڈالر کرایہ مقرر کیا گیا ہے تاہم مسافر اپنے سامان اور طعام کے اخراجات کا تعین خود کریں گے۔ کمپنی اس ضمن میں کسی مسافر پر جبر نہیں کرے گی۔

اولاری نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یورپی شہروں سے نیویارک کا ایئر ٹکٹ صرف 10 یورو یعنی 13 امریکی ڈالر ہے۔ بوسٹن سے نیویارک کا یکطرفہ کرایہ تیرہ ڈالر جبکہ واپسی کا ٹکٹ ساتھ لیا جائے تو واپسی پر صرف 10 ڈالر کرایہ لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ "رائن ایئرویز" یورپ کے 14 شہروں اور امریکا کے 12 سے 14 شہروں میں سستی فضائی سروس مہیا کرے گی۔ آئرش فضائی کمپنی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ جہاز کی تمام سیٹوں کا کرایہ یکساں نہیں ہو گا۔ اکانومی کلاس سیٹوں اور درجہ اول کی نشستوں کا کرایہ الگ الگ ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں مائیکل اولاری کا کہنا تھا کہ اتنے سستے کرائے کے باوجود کمپنی کو کوئی نقصان نہیں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اگر کمپنی فی کس مسافر صرف 99 بنس یعنی ایک آسٹریلوی پاؤنڈ سے بھی کم رقم ادا کرے تب بھی انہیں خسارہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ "رائن ایئر" یورپ کی واحد فضائی سروس ہے جو یورپ کی حدود اور امریکا کی حدود میں نہایت کم نرخوں پر سفر کی سہولت مہیا کررہی ہے جبکہ دیگر معاصر فضائی سروسز مسافروں کے سامان اور دوران سفر طعام کے چارجز بھی وصول کرتے ہیں۔