.

شامی بوڑھے سے مذہبی سوالات پر داعش کا مقامی امیر فارغ

حلب کے مقامی امیر کی اسلحے کی نوک پر بوڑھے سے پوچھ تاچھ پر جنگجو تنظیم نالاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جنگجو تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) نے شام کے صوبہ حلب میں اپنے ایک مقامی امیر کو ایک ضعیف العمر شخص کو ڈرا دھمکا کر مذہبی نوعیت کے سوالات پوچھنے پر فارغ کردیا ہے۔

صوبہ حلب کے شہر جرابلس میں داعش کے امیر ابوبکر المصری کی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں وہ پستول کی نوک پر ایک ضعیف العمر شامی سے دین سے متعلق سوالات پوچھ رہے ہیں لیکن وہ بزرگ ان کے جوابات دینے سے قاصر ہیں۔

انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کے مطابق ابوبکر المصری صاحب ایک آرام کرسی پر تشریف فرما ہیں اور اس بوڑھے شخص سے پوچھ رہے ہیں:''کیا آپ پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں جانتے ہیں"۔

''نہیں''۔نزدیک بیٹھا بوڑھا شخص جواب دیتا ہے۔''کیا آپ پیغمبر اسلام کا کم سے کم نام بھی جانتے ہیں یا نہیں''۔المصری اگلا سوال داغتے ہیں۔''واقعی میں نہیں جانتا۔مجھے بتائیے ناں''۔بوڑھا شخص جواب دیتا ہے۔

المصری اس بوڑھے شامی کے دینی علم کی پرکھ کے لیے سوالات کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں اور اس سے ''روزقیامت'' اور فرشتوں کے بارے میں بھی سوال کرتے ہیں۔ان سب کا بوڑھے کے پاس ایک ہی جواب ہے کہ ''وہ نہیں جانتا''۔نہیں کے جواب پر قریب بیٹھے لوگوں کے ہنسنے کی آوازیں بھی آرہی ہیں لیکن وہ ویڈیو میں دکھائی نہیں دیتے ہیں۔

اس کے بعد داعش کے امیر صاحب اس بوڑھے کو مخاطب کرکے فرماتے ہیں کہ ''آپ پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں نہیں جانتے،روزقیامت اور فرشتوں کے بارے میں آپ کو کچھ علم نہیں''۔اس کے بعد وہ پستول اپنے ہاتھ میں پکڑ لیتے ہیں۔

اس پر بوڑھا شخص خوف زدہ ہوجاتا ہے اور وہ سر جھکا کر المصری کے ہاتھوں اور ٹانگوں کو چُومنے لگ جاتا ہے۔پھر المصری صاحب جارحانہ آواز میں اس شخص سے کہتے ہیں کہ ''آپ پیغمبر اسلام ،روزقیامت اور فرشتوں کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے''۔بوڑھا شخص جواب دیتا ہے:''کسی نے بھی مجھے یہ چیزیں نہیں سکھائی ہیں''۔

اس پر داعش کے مقامی امیر یوں گویا ہوتے ہیں:''عمر کے چالیس سال گزار دیے اور تم نے یہ چیزیں نہیں سکیھی ہیں''۔پھر وہ اس بوڑھے کے ماتھے پر تھپڑ رسید کردیتے ہیں اور کہتے ہیں:''تم یہ چیزیں کب سیکھنے جارہے ہو''۔

''آپ مجھے یہ سکھا سکتے ہیں''۔بوڑھا شخص جواب دیتا ہے۔

''میں تمھیں سکھاؤں گا۔میں ابھی تمھیں سب کچھ سکھا دوں گا''۔المصری کہتے ہیں۔اس کے بعد وہ اپنے آتشیں اسلحہ میں گولیاں بھرنا شروع کردیتے ہیں۔

اس موقع پر بوڑھا ہتھیار کو پکڑ لیتا ہے اور ابوبکر المصری سے جان بخشی کی اپیل کرتا ہے اور کہہ رہا ہے کہ مہربانی فرما کر ایسا نہ کریں۔یہیں پر ویڈیو کا اختتام ہوجاتا ہے۔

ٹویٹر پوسٹ کے مطابق داعش نے یہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ابوبکر المصری سے کہا ہے کہ وہ تنظیم کو چھوڑ جائیں۔اب یہ معلوم نہیں کہ پھراس بوڑھے اور داعش کے اس امیر کے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا ہے۔