مصر میں "مردہ" ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گیا
مصر میں پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کا خواہش مند ایک مصری شہری اس وقت پولنگ اسٹیشن پر حیرت و یاس کی مجسم تصویر بن گیا جب اسے پولنگ عملے نے بتایا کہ ان کا نام تو گذشتہ چھے برسوں سے متوفیاں کی فہرست میں درج ہے اس لئے وہ ووٹ نہیں ڈال سکتے۔
تفصیلات کے مطابق یسری محمد سعد مصطفی نامی مصری ووٹر الجیزہ سرکل میں اتوار کے روز ووٹ ڈالنے گیا تو اسے عملے نے بتایا کہ اس کا نام 'وفات' کے باعث ووٹروں کی لسٹ میں نہیں ہے حالانکہ اسے ایک امیدوار نے ووٹر پرچی بھجواتے ہوئے اپنے حق میں ووٹ دینے کی درخواست کی تھی۔
یسری محمد سعد مصطفی کے مطابق اس ساری صورتحال کے بعد میں نے الیکنش کمیشن کی ایس ایم ایس سروس پر اپنا ووٹر نمبر جاننے کے لئے پیغام ارسال کیا تو جواب آیا کہ "آپ کا نام وفات کے باعث ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہے۔" یسری محمد نے پولنگ اسٹیشن کے باہر موجود صحافیوں کو بتایا کہ وہ خود زندہ سلامت موجود ہے اور اس کے پاس کارآمد قومی شناختی کارڈ بھی موجود ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیسے ممکن ہے کہ تمام سرکاری اداروں کا میری ساتھ تعلق زندہ سلامت شخص والا ہے اور وہ مجھے تمام ضروری دستاویزات بھی جاری کر رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن مجھے مردہ قرار دینے پر تلا ہوا ہے۔ یسری نے از راہ تففن کہا کہ وہ اپنے بچوں کے لئے یتموں کے کوٹے میں ملازمت کی درخواستیں دلوائے گا تاکہ وہ میرے انتقال کے بعد گذر اوقات کر سکیں۔