ہلیری کلنٹن کی معاون ہُما عابدین کی خاوند وائنر سے علاحدگی
امریکا کی ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی مشیراعلیٰ ہُما عابدین نے اپنے خاوند انتھونی وائنر سے علاحدگی اختیار کر لی ہے۔انھوں نے یہ فیصلہ اپنے خاوند کا ایک اور جنسی اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد کیا ہے۔
ہُما عابدین نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ '' میں نے اپنی ازدواجی زندگی پر ایک طویل اور دردآمیز غور وخوض کے بعد اپنے خاوند سے علاحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتھونی اور میں بدستور اپنے بیٹے ،جو ہماری زندگی کی روشنی ہے، کی بہتری کے لیے وقف رہیں گے۔اس مشکل گھڑی میں ہماری نج کی زندگی کا احترام کیا جائے''۔
ہُما عابدین نے یہ اعلان نیویارک پوسٹ میں اتوار کو ایک رپورٹ کی اشاعت کے بعد کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مسٹر وائنر نے حال ہی میں اپنی نازیبا تصاویر ٹویٹر کے ذریعے ایک اور عورت کو بھیجی تھیں۔وہ گذشتہ ایک ماہ سے اس عورت سے نامہ وپیام کررہے تھے اور ان کے بیشتر پیغامات جنسی نوعیت کے تھے۔
وائنر اپنی ایک عریاں تصویر ٹویٹر پر پوسٹ کرنے کے بعد جون 2011ء میں کانگریس سے مستعفی ہوگئے تھے۔وہ کانگریس میں نیویارک کی نمائندگی کرتے تھے۔انھوں نے حادثاتی طور پر اپنی ایک عریاں تصویر ٹویٹر پر ایک عورت کو براہ راست پیغام کے ذریعے بھیجنے کے بجائے پبلک ٹائم لائن پر پوسٹ کردی تھی۔
جب وائنر نے دوسری مرتبہ نیویارک کا میئر بننے کی ناکام کوشش کی تو جولائی 2013ء میں ان کی مزید عریاں تصاویر بھی منظرعام پر آئی تھیں جو انھوں نے انڈیانا میں ایک عورت کو ''کارلوس ڈینجر'' کے فرضی نام سے بھیجی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائنر کا کہنا تھا کہ وہ پہلا جنسی اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد تھراپی کے عمل سے گزرے تھے۔حالیہ مہینوں کے دوران وہ اپنے کم سن بیٹے کی بھی نگہداشت کرتے رہے ہیں کیونکہ ہُما عابدین اکثر ہلیری کلنٹن کے ساتھ دوسرے شہروں کے سفر پر ہوتی تھیں۔
ہُما عابدین ہلیری کلنٹن کی صدارتی مہم کی وائس چئیرپرسن ہیں اور وہ امریکی محکمہ خارجہ میں ان کی ڈپٹی چیف آف اسٹاف رہ چکی ہیں۔ان کے اب سابقہ خاوند وائنر امریکی کانگریس میں 1999ء سے 2011ء تک نیویارک سٹی کی نمائندگی کرتے رہے تھے۔انھوں نے پہلی مرتبہ 2005ء میں نیویارک کا میئر بننے کی کوشش کی تھی لیکن وہ انتخاب جیتنے میں ناکام رہے تھے۔