چالاک اماراتی بیوی : خاوند کے فون سے خود کو طلاق کا پیغام بھیج دیا ، پھر کیا ہوا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

متحدہ عرب امارات میں ایک عورت نے اپنے خاوند سے روز روز کے جھگڑوں سے تنگ آ کر اس کے فون سے خود کو طلاق کا پیغام بھیج دیا لیکن اس کی حرکت کا عدالت میں بھانڈا پھوٹ گیا اور اب اس کا خاوند اس کو مزا چکھانے کے درپے ہے۔

دبئی سے شائع ہونے والے روزنامہ البیان کی رپورٹ کے مطابق اس میاں بیوی میں ایک عرصے سے گھریلو چپقلش چل رہی ہے اور بیوی خاوند سے طلاق مانگ رہی ہے لیکن وہ اس کو طلا ق دینے کو تیار نہیں اور اس کے ساتھ گھر بھی نہیں بسانا چاہتا۔

ان کے درمیان گذشتہ تین سال سے یہی سلسلہ چلا آرہا ہے۔یہ اماراتی خاوند اس وجہ طلاق نہیں دے رہا ہے کہ اس کو بیوی سے کوئی بہت زیادہ محبت ہے بلکہ و ہ اس کو تنگ اور مسلسل اذیت سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ان دونوں کے بچے بھی ہیں۔ان کے درمیان تعلقات اس حد تک کشیدہ ہوچکے ہیں کہ وہ طلاق نہ ہونے کے باوجود ایک ہی گھر میں الگ الگ کمروں میں سوتے ہیں۔

اماراتی عورت نے مسلسل اذیت ناک سلوک کے بعد خاوند کو اپنے گھر سے نکال باہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس کو اپنی زندگی سے بھی نکالنا چاہتی ہے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس کو تین طلاقیں دے دے یا و ہ خود خاوند سے خلع لے لے۔

اگر وہ عدالت میں خلع کے لیے درخواست دائر کرتی ہے تو عدالت پہلے تو ان کے درمیان مصالحت کی کوشش کرے گی اور ناکامی کی صورت میں وہ اس کو خاوند سے خلع دلوا سکتی ہے مگر اس عورت نے اس لمبے چکر میں پڑنے کے بجائے ایک عالم دین سے مشورہ کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ اگر خاوند موبائل فون پر ٹیکسٹ پیغام کے ذریعے تین طلاقیں دے دے تو عورت کو طلاق واقع ہوجاتی ہے لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ خاوند بیوی کو طلاق دینے کا ارادہ رکھتا ہے اوراس کو اپنے فیصلے کا یقین ہے۔

اس عالم دین سے مشاورت کے بعد اس اماراتی بیوی کو حوصلہ ملا اور اس نے خاوند سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک منفرد طریقہ اختیار کیا۔جب اس کا خاوند آدھی رات کے وقت گہری نیند سو رہا تھا تو وہ اس کے کمرے میں گئی۔اس کی انگلیوں کی مدد سے اس کے موبائل فون کو کھولا اور اپنے موبائل فون پر یہ ٹیکسٹ پیغام ’’ میں تمھیں طلاق دیتا ہوں‘‘ تین مرتبہ بھیج دیا۔

اگلی صبح وہ عدالت گئی اور طلاق کے حق میں موبائل فون کا پیغام ثبوت کے طور پر پیش کردیا لیکن اس عورت کی قسمت نے یاوری نہیں کی اور اس کا بنا بنایا کھیل بگڑ گیا ہے بلکہ اور بھی زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے۔

ہوا یہ کہ دبئی کی عائلی عدالت میں حکام نے اس سے طلاق کے پیغام کے ذریعے کا پوچھا تھا کہ یہ کس نے بھیجا تھا۔اس پر اس نے اپنے فعل کا اعتراف کر لیا ۔البیان کے مطابق جب خاوند کو بیوی کی اس حرکت کے بارے میں مطلع کیا گیا تو وہ آگ بگولا ہوگیا اور اس کا کہنا ہے کہ وہ عدالت میں اب طلاق کے عمل کو اور بھی زیادہ پیچیدہ اور ممکن ہوا تو سست رفتا ر بنا دے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں