وڈیو: پیرو میں کلب چیمپین شپ کے فٹ بال میچ میں انوکھا گول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پیرو کے دارالحکومت لیما میں بدھ کی شام جنوبی امریکا کی ایک کلب چیمپین شپ کے پانچویں راؤنڈ کا فٹبال میچ پیرو کے کلب Alianza Lima اور چلی کے کلبPalestino کے درمیان کھیلا گیا۔ واضح رہے کہ Palestino کلب کو جنوبی امریکا کے ملک چلی ہجرت کرنے والے فلسطینیوں نے 1920 میں قائم کیا تھا۔

کوپا لیبرٹاڈورس کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے میچ کے 18 ویں منٹ میں "الینانزا لیما" کلب کے 34 سالہ ارجنٹینی کھلاڑیTomás Costa نے پیلسٹینو کلب کے گول پر میزائل کی رفتار سے کک لگائی جس کو پیلسٹینو کے گول کیپرIgnacio González نے اپنے مضبوط ہاتھوں سے روک لیا۔

گول کپیر کے ہاتھوں کی جوابی طاقت کے سبب گیند تقریبا 7 میٹر تک فضا میں بلند ہو گئی۔ گول کیپر نے اس دوران گیند پر کڑی نظر رکھی تا کہ نیچے آنے پر وہ اس اپنے ہاتھوں میں محفوظ کر لے۔ تاہم پھر وہ کچھ ہوا جس کا کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔

جی ہاں متعلقہ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گیند نیچے آئی تو پیلسٹینو کا گول کیپر اس کو ہاتھوں میں دبوچ لینے میں ناکام رہا۔ گیند اس کے ہاتھوں کے درمیان سے نکل کر ایک ٹپّہ کھا کر گول پوسٹ کے اندر چلی گئی۔ پیلسٹینو کلب کا گول کیپر چند سینٹی میٹر کی دوری سے گیند پکڑنے میں ناکام رہا اور گیند آنا فانا حیرت انگیز گول میں تبدیل ہو گئی۔

تاہم الیانزا کلب کی یہ خوشی زیادہ دیر باقی نہ رہ سکی اور پیلسٹینو کلب پہلے گول برابر کیا اور پھر مزید ایک گول کی برتری حاصل کر کے میچ 2 – 1 سے جیت لیا۔

پیلسٹینو کلب کے کھلاڑیوں کی شرٹس کا رنگ سرخ، سیاہ اور سبز ہوتا ہے جو فلسطین کے پرچم کے رنگ ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق Club Deportivo Palestino کے نام سے فٹبال کلب جنوبی امریکا کے کئی ممالک میں موجود ہے۔ کلب نے 2013 میں اپنے کھلاڑیوں کے لیے ایک شرٹ ڈیزائن کی جو کئی میچوں میں استعمال بھی ہوئی۔ اس شرٹ پر 1 کا ہندسہ فلسطین کے نقشے کی شکل میں بنایا گیا تھا جیسا کہ خبر میں دی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔

چلی میں جہاں 3.5 لاکھ سے زیادہ فلسطینی رہتے ہیں وہاں کی یہودی کمیونٹی نے مذکورہ شرٹ کے ڈیزائن پر اعتراض دائر کر دیا۔ اس پر چلی کی فٹبال فیڈریشن نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد کلب کو اس شرٹ کے استعمال سے روک دیا۔ ساتھ ہی کھلاڑیوں کی شرٹ پر سیاسی لوگو استعمال کرنے پر کلب پر 1300 ڈالر کے مساوی جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ فیڈریشن کے قانون میں یہ بات شامل ہے کہ کھیل کو ہر طرح سے سیاسی امور سے دور رکھا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں