دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک عالمی سطح پر کرونا کے سبب وفات پانے والے افراد کی مجموعی تعداد 4011 ہو چکی ہے۔ یہ مہلک وائرس 100 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکا ہے۔ وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 1.1 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
بعض متاثرین نے گھریلو علاحدگی اختیار کر رکھی ہے۔ طبی ماہرین نے کرونا کے مریضوں کے لیے چند اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلے میں زور دیا گیا ہے کہ متاثرہ مریض پانی پینے کے لیے اپنے لیے مخصوص گلاسوں اور برتنوں کا استعمال کریں۔ گھر کے افراد سے کم از کم دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔ گھر کے اندر نقل و حرکت کم کر دیں۔ خاندانی اور سماجی تقریبات اور محفلوں میں شرکت سے گریز کریں۔ چھینک آنے کی صورت میں رومال کا استعمال کریں۔ گھر کی مشترکہ اشیاء اور برتنوں کے استعمال میں دیگر اہل خانہ کے ساتھ شریک نہ ہوں۔
جہاں تک متاثرہ مریض کے اہل خانہ کا تعلق ہے تو ان پر لازم ہے کہ وہ مریض کی دیکھ بھال اور تیمار داری کے لیے ایک فرد کو مختص کر دیں۔ ہاتھوں کو دھونے اور دستانے پہننے کے معمول پر عمل پیرا رہیں۔ نظر آنے والی سطحوں کو مستقل طور پر صاف ستھرا رکھیں۔ متاثرہ شخص کے کپڑوں کو اچھی طرح دھونے کا اہتمام کریں۔ مریض یا اس کے بستر کو براہ راست چُھونے سے اجتناب کریں۔
کرونا وائرس گذشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان کے ایک بازار میں نمودار ہوا تھا۔ اب تک چین میں اس مہلک وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 3136 ہو چکی ہے۔