.

سعودی عرب: پارسنزاسکول کے سابق ڈین براک کک ماک فیشن کمیشن کے سربراہ مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے پارسنز اسکول آف فیش ڈیزائن کے سابق ڈین براک کک ماک کو فیشن کمیشن کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی وزارت ثقافت کے مطابق کک ماک کو فیشن کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے فیشن کے شعبے کی تنظیم ، ترقی،ترویج اور انتظام کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

وہ سعودی عرب میں فیش سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک حکمت عملی وضع کریں گے،اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔اس کے قوانین اور قواعد وضوابط وضع کریں گے۔فیشن کی صنعت سے وابستہ پیشہ ورحضرات اور کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔نیز اس شعبے میں تعلیم اور پیشہ ورتربیت کے لیے پروگرام تیار کریں گے۔

کک ماک نیویارک شہر میں واقع دا نیو اسکول میں پارسنز اسکول آف ڈیزائن کے شعبہ فیشن کے 2015ء سے جولائی 2020ء تک سربراہ رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ سواروفسکی میں شعبہ کارپوریٹ کے صدررہے تھے۔

وہ فیشن انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت کے طور پر عالمی سطح پر ایک پہچان رکھتے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ ماہ سعودی دارالحکومت الریاض میں منعقدہ ’’فیشن کا مستقبل کانفرنس‘‘ میں شرکت کی تھی۔

اس موقع پر منعقدہ فیش ویک کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ’’اس فیشن شو کو اہل مغرب شاید چھوٹا سمجھیں کیونکہ انھیں تواس طرح کے پروگراموں کا باقاعدگی سے تجربہ ہوتا رہتا ہے لیکن بعض سعودی اپنے ملک میں اس پیمانے پر بڑے شو کا تصور ہی کرسکتے تھے۔یہ اس بات کا مظہر ہے کہ سعودی عالمی منظرنامے میں ابھر کر سامنے آسکتے ہیں اور خواتین کو بااختیار بنا سکتے ہیں۔یہ تو ایک نئے آغاز کی ابتدا ہے۔‘‘

کک ماک بڑی صنعتی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔وہ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت اور ترقی کے پائیدار مشیرکی حیثیت سے رکن ہیں۔وہ امریکی فیشن ڈیزائنروں کی کونسل لیکسس فیشن کے مشاورتی بورڈ کے بھی رکن ہیں۔

انھوں نے سکیما بزنس اسکول اور سان فرانسیسکو اسٹیٹ یونیورسٹی سے کاروباری انتظام میں ماسٹرز (ایم بی اے) کی ڈگریاں حاصل کررکھی ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت ثقافت نے شعبہ فن وثقافت کی ترویج وترقی اور انتظام کے لیے گیارہ ثقافتی ادارے قائم کیے ہیں۔فیش کمیشن ان ہی میں سے ایک ہے۔