سعودی عرب میں کبوتروں کی سالانہ پیداوار 4.5 کروڑ تک لیجانے کا ہدف مقرر
سعودی عرب میں ماحولیات، پانی اور زراعت کی وزارت نے بتایا ہے کہ اس نے 2025ء تک مقامی سطح پر کبوتروں کی سالانہ پیداوار کو 280% اضافے کے ساتھ 4.5 کروڑ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس سلسلے میں زرعی کمپنیوں کو اس میدان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے علاوہ دیگر مطلوبہ اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
وزارت نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات چیت میں باور کرایا کہ وہ اس وقت پیداواری صلاحیت میں اضافے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کا مقصد کبوتروں کے گوشت کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
وزارت کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں کبوتروں کی سالانہ پیداوار 1.6 کروڑ ہے جو 12.25 ہزار ٹن گوشت کے مساوی ہے۔ اس وقت کبوتروں کی پیداوار سے متعلق 100 سے زیادہ منصوبے چل رہے ہیں۔