کرونا کے بعد پہلی بار 12 لاکھ نمازیوں کا مسجد حرام میں جمعہ کا ایمان پرور اجتماع
حرمین شریفین کے نگران ادارے صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے جنرل صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بتایا ہے کہ کل جمعۃ المبارک کو کرونا کے عرصے کے بعد پہلی بار 12 لاکھ فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی۔
صدارت عامہ برائے امور حرمین کی جانب سے جاری ڈاکٹر السدیس کے ایک بیان کے مطابق 1.2 ملین نمازیوں نے مسجد حرام میں جمعہ کی نماز میں شرکت کی جو کہ کرونا وبا کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔
ادھر خادم حرمین شریفین کی دعوت پر 1300 عازمین حج کے مکہ معظمہ پہنچنے کے بعد عمرہ کے مناسک ادا کیے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر حج کے لیے آئے مردو خواتین عازمین کا تعلق 90 ممالک سے ہے۔