سعودی وزارت اسلامی امور نے پاکستان میں سعودی سفارت حانے کے تعاون سے خادم حرمین شریفین افطار پروگرام کے تحت اسلام آباد میں افطار پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔
مملکت کے سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین افطار پروگرام کا انعقاد اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں کیا گیا جس کا انتظام سعودی سفارت خانے کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر سعودی سفارت خانے کے شعبہ مذہبی امور کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے جنہوں نے افطار دسترخوان پر آنے والوں کو خوش آمدید کہا۔
خیال رہے رمضان المبارک کے دوران سعودی وزارت اسلامی امور و دعوۃ کی جانب سے خادم حرمین شریفین افطار پروگرام ہر برس مختلف ممالک میں کیا جاتا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز افطار پروگرام کے تحت ماہ رمضان میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی سطح پر افطار دسترخوان سجایا جاتا ہے۔