دوران پرواز میں سعودی نرس نے خاتون مریض کی جان بچا لی
سعودی ایئر لائنز کی پرواز ریاض سے رفحاء جا رہی تھی، خاتون مسافر بے ہوش ہو گئی
ایک سعودی نرس نے جلدی اور ہوشیاری سے سعودی ائیرلائن کے طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر کو بچا لیا۔ یہ پرواز ریاض شہر سے رفح گورنری جا رہی تھی۔ دوران پرواز خاتون مسافر اچانک بیمار ہوگئی اور اس کی حالت نازک ہوگئی۔
ہفتے کی سہ پہر ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ سے طیارہ رفحاء ایئرپورٹ کی طرف روانہ ہوا تو ایک سعودی خاتون بے ہوش ہوگئی اور ہوش کھو بیٹھی ۔ جہاز کے عملے نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا اور کسی بھی ڈاکٹر یا نرس سے مدد کی درخواست کردی۔ کیبن کے اندر شروع کی گئی انسانی ہمدردی کی کال کے جواب میں نرس حمیدہ الشیحی بے ہوش مسافر کے پاس گئی اور اسے ضروری معائنہ اور ابتدائی طبی امداد دی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے حمیدہ الشیحی نے بتایا کہ نرسنگ ٹیکنیشن کے طور پر کئی سالوں تک کام کرنے کی وجہ سے انہیں نرسنگ کے شعبے میں تجربہ ہے۔ وہ بیدار ہونے اور اپنی نارمل حالت میں واپس آنے تک مریض کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتی رہیں۔ میں خاتون مسافرکے پاس اس وقت تک ٹھہری رہی جب تک طیارہ رفحاء ایئرپورٹ نہ پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا میں نے جو کیا وہ ایک انسانی فریضہ ہے اور حب الوطنی کا بھی تقاضا ہے۔ یہ ہر اس شخص کا فرض ہے جو میڈیکل یا نرسنگ کے پیشے میں داخل ہوا کہ دوسروں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ بعد ازاں وزارت صحت کی ایمبولینس نے خاتون کو، اس کے اہل خانہ کے ساتھ رفحاء سینٹرل ہسپتال منتقل کردیا۔