سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے بلغراد میں یوگوسلاو فوج کے سابق ہیڈ کوارٹرز کی جگہ پر رئیل اسٹیٹ کے ایک منصوبے کے ایک حصے کی تعمیر کے حوالے سے لیز کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ وہ ہیڈ کوارٹرز ہے جس پر 1999 میں نیٹو نے بمباری کی تھی۔
جیرڈ کشنر کے اس منصوبے نے سربیا میں ناراضی پھیلا دی ہے۔ یہ جگہ نیٹو کی طرف سے شروع کی گئی بمباری کی مہم کی دردناک علامت ہے۔ اس بمباری نے کوسووو میں جنگ کا خاتمہ کیا تھا۔ اس کے بعد کوسووو نے اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا۔
سربیا کے وزیر تعمیرات گوران ویسک نے بدھ کے روز وضاحت کی کہ یہ معاہدہ فروخت کا نہیں بلکہ 99 سالہ لیز کا ہے۔ کشنر کی کمپنی ’’ Affinity Partners ‘‘ سابق ملٹری کمپلیکس کی بحالی میں سرمایہ کاری کرے گی۔ وزیر کے مطابق اس جگہ پر ایک یادگار تعمیر کی جائے گی جس کی مالی اعانت سرمایہ کاروں نے کی ہے۔ تاہم اس کی ملکیت سربیا کے پاس ہی رہے گی۔
کشنر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مارچ سے شروع ہونے والے پروجیکٹ کے "ابتدائی ڈیزائن" کی تصاویر پوسٹ کی تھیں جن میں تباہ شدہ عمارتوں کی جگہ شیشے کے دو پرتعیش ٹاورز دکھائے گئے تھے۔ واضح رہے 2005 میں سربیا کی حکومت نے وسطی بلغراد میں اس جگہ کو "ثقافتی" ریزرو قرار دیا۔
نیو یارک ٹائمز نے مارچ میں رپورٹ کیا تھا کہ کشنر اس علاقے میں 1500 رہائشی یونٹس پر مشتمل ایک لگژری ہوٹل اور بمباری کے متاثرین کے لیے ایک یادگاری مرکز بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کشنر نے مارچ میں اس وقت بھی تنازع کھڑا کردیا تھا جب انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک انٹرویو میں غزہ میں "واٹر فرنٹ رئیل اسٹیٹ" کی ترقی کے امکانات کے بارے میں بات کی تھی۔