رواں سال جولائی میں ایشیا کے امیر ترین شخص بھارت کے مکیش امبانی کے بیٹے اننت کی مہنگی اور پر تعیش انداز کی شادی لوگوں کے ذہنوں میں موجود ہے۔ اننت امبانی کی شادی کو "ویڈنگ آف دی سنچری" کا نام دیا گیا۔ اس میں دنیا بھر سے مختلف شعبوں کی مشہور ترین شخصیات اور عالمی سربراہان اور رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔
اس شادی پر خرچ ہونے والی رقم کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔
اننت امبانی اور ان کی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ ایک بار پھر نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں سوشل میڈیا ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ تاہم اس مرتبہ کسی عظیم الشان تقریب کے سبب نہیں بلکہ اس کی وجہ "ترکی آئس کریم" ہے۔
جی ہاں بھارتی ارب پتی مکیش امبانی کے بیٹے اننت نے دبئی میں واقع گلوبل ولیج کا دورہ کیا۔ وہاں گھومتے پھرتے جوڑے کی کئی وڈیوز سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔ بالخصوص "ترکی آئس کریم" کے اسٹال پر موجودگی کی وڈیو وسیع پیمانے پر وائرل ہو رہی ہے۔
ٹاپ ٹرینڈ بننے والے وڈیو کلپ میں ترکی آئس کریم فروخت کرنے والے کے پاس کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ رادھیکا نے آئس کریم طلب کی تو اسٹال والے نے مسکرا کر ان کے آرڈر کو قبول کیا۔ اس کے بعد بڑی دل چسپ صورت حال پیش آئی جس سے وہاں موجود لوگ اور خود رادھیکا اور ان کے شوہر اننت بھرپور طور پر لطف اندوز ہوئے۔
ہوا یوں کہ جب رادھیکا نے اسٹال والے سے آئس کریم لینے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو آئس کریم ان کے ہاتھ میں آنے کے بعد واپس چلی گئی ... اور پھر حسب عادت ترکی آئس کریم والے نے رادھیکا کے ساتھ خوب مستی کی اور ہر بار آئس کریم پیش کر کے ان کو چکمہ دیتا رہا۔
آخر کار اسٹال والے کو رادھیکا پر ترس آ گیا اور پھر خوب موج مستی کے بعد اس نے اننت امبانی کی اہلیہ کو واقعتا آئس کریم تھما دی !