بدرِ کامل چند دنوں میں آسمان کو روشن کرے گا... سال 2025 کا سب سے بڑا چودھویں کا چاند ہو گا
چاند کا مکمل ہونا اس کے زمین سے قریب ترین مقام پر پہنچنے کے ساتھ ایک ہی وقت میں ہو گا
دنیا بھر کے فلکیات کے شوقین افراد نومبر میں ایک شان دار فلکیاتی منظر دیکھنے کے منتظر ہیں، جب 5 نومبر کی شب آسمان پر بدرِ کامل (سپر مون) پوری آب و تاب سے چمکے گا۔ یہ سال 2025 کا سب سے بڑا اور روشن ترین بدر ہو گا۔
یہ منظر اس وقت بنے گا جب چاند اپنے بیضوی مدار میں زمین کے سب سے قریب مقام پر پہنچے گا۔
اماراتی ماہرِ فلکیات ابراہیم الجروان جو امارات فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ ہیں، ان کے مطابق 5 نومبر کی رات دنیا بھر میں بدرِ کامل (سُپر مون) کا مشاہدہ کیا جا سکے گا۔ اس رات چاند زمین سے تقریباً 356,980 کلومیٹر کے فاصلے پر ہو گا، جو کہ سال 2025 میں زمین کے سب سے زیادہ قریب آنے کا موقع ہے۔
الجروان کے مطابق اگر اس بدر کامل کا موازنہ اُس بدر (چودھویں کے چاند) سے کیا جائے جو اپنے مدار کے دور ترین مقام پر ہوتا ہے، تو بدر کامل زمین کے 12 فی صد زیادہ قریب اور 14 فی صد بڑا نظر آئے گا، جب کہ اس کی روشنی عام بدر سے 30 فی صد زیادہ ہو گی۔ انھوں نے بتایا کہ چاند کی کششِ ثقل بھی اس دوران تقریباً 30 فی صد زیادہ ہو جاتی ہے، تاہم یہ فرق زمین پر کوئی نمایاں اثر نہیں ڈالتا۔
چاند کے مکمل طور پر روشن ہونے کا وقت مختلف علاقوں میں جغرافیائی محلِ وقوع کے لحاظ سے مختلف ہو گا۔ ماہرین کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت یہ منظر نہایت دل کش اور نارنجی رنگت لیے ہوئے ہو گا، کیونکہ اس وقت چاند کی روشنی زمین کے فضائی غلاف کی زیادہ تہوں سے گزرتی ہے۔
یہ رات عکاسی کے شوقین افراد کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرے گی، جب وہ بدر کامل کے مکمل طور پر بلند اور روشن ہونے کے دوران قدرتی خوب صورتی کی دل کش تصاویر اپنے کیمروں کی آنکھ سے محفوظ کر سکیں گے۔