آپ کے گھر کے رنگ آپ کی شخصیت پر بھی اثر انداز ہوتا ‎ہے، سرخ رنگ تباہ کن ہوسکتا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے گھر کی دیواروں کا رنگ آپ کے مزاج، نیند اور تخلیقی صلاحیتوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے؟ سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ رنگوں کا انتخاب محض ذوق کا معاملہ نہیں بلکہ آپ کی روزمرہ زندگی پر اس کے گہرے نفسیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پرسکون سبز رنگ سے لے کر تحریک پیدا کرنے والے سرخ رنگ تک، کچھ رنگ توجہ مرکوز کرنے میں مدد دیتے ہیں تو دوسرے رنگ آپ کے کام اور مزاج کو بہت زیادہ خراب کر سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں ایج ہل یونیورسٹی کے نفسیات کے پروفیسر جیف بیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ رنگوں کا انتخاب محض جمالیاتی نہیں بلکہ ایک نفسیاتی معاملہ ہے۔ انہوں نے ویب سائٹ ’’ دا کنورسیشن ‘‘ پر شائع ہونے والے ایک مضمون میں واضح کیا کہ اعصابی، طرزِ عمل اور نفسیاتی تحقیق کا بڑھتا ہوا ذخیرہ اشارہ کرتا ہے کہ رنگ صرف پسند یا ناپسند کا معاملہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے گرد و نواح کے رنگ ہماری جذباتی کیفیات، ذہنی کارکردگی، سماجی تعاملات، نیند اور طویل مدتی نفسیاتی صحت پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ ویب سائٹ "ڈیلی میل" نے اس مضمون کو پیش کیا ہے۔ اگر آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل حل کرنے کی مہارت کو بڑھانا چاہتے ہیں تو پروفیسر بیٹی نے ہلکے سبز رنگ کے انتخاب کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے برعکس انہوں نے خبردار کیا کہ سرخ دیواریں کام پر توجہ مرکوز کرنا مشکل بنا دیں گی۔

آيستوك
آيستوك

سفید، سرمئی اور خاکی رنگ

لیکن اگر آپ اپنے گھر کی دیواروں کے رنگ کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں تو آپ شاید غیر جانبدار رنگوں کے انتخاب کی طرف مائل ہوں۔ اس حوالے سے پروفیسر بیٹی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدار رنگ سفید، سرمئی اور خاکی ہیں اور یہ بصری تحریک کو کم کرتے ہیں۔ ان رنگوں سے حسّی تناؤ اور تھکن کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ کشادگی کے احساس کو بھی بڑھاتے ہیں اور بچوں و بڑوں پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ تاہم رنگ کی گہرائی اور سیاق و سباق بہت اہم ہیں۔ سرد سرمئی یا چمکدار سفید رنگ سختی یا اداسی کا احساس پیدا کر سکتا ہے خاص طور پر کم روشنی والی جگہوں پر۔

نیلا اور سبز

اسی کے ساتھ ساتھ سبز رنگ فطرت سے جڑا ہوا ہے اور یہ راحت اور ذہنی تھکن کو کم کرنے سے وابستہ ہے۔ جہاں تک نیلے رنگ کا تعلق ہے، جو اکثر آسمان اور پانی سے منسوب کیا جاتا ہے، تو اس کا اثر پرسکون ہو سکتا ہے۔ غیر جانبدار رنگوں کی طرح اس میں بھی رنگ کی گہرائی بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ نفسیاتی شواہد طویل مدتی راحت کے لیے بہت چمکدار رنگوں کے بجائے کم سے درمیانے درجے کے رنگوں کے انتخاب کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ہلکے نیلے اور سبز رنگ تخلیقی صلاحیتوں کو مہمیز دینے اور مسائل کے حل کو بہتر بنانے سے منسلک ہیں۔ اگر آپ کے گھر کا دفتر یا پڑھنے کا کمرہ ہلکے سبز رنگ کا ہے تو یہ آپ کو یہ جانے بغیر مزید اختراع پسند بنا سکتا ہے کہ اس کی وجہ کیا ہے۔

پیلا رنگ

اسی طرح زرد رنگ ایک بہترین انتخاب ہے لیکن یہ صرف کچھ کمروں کے لیے موزوں ہے اور غالباً گرم اور متحرک رنگوں کو گھر کے سماجی حصوں یا متحرک کمروں کے لیے مخصوص رکھنا بہتر ہے۔ ایک طرف ہلکا پیلا رنگ خوشی کا احساس دیتا ہے۔ شاید سورج کی روشنی سے وابستگی کی وجہ سے تو وہیں گہرا زرد رنگ تناؤ کو بڑھا سکتا ہے۔

سرخ رنگ

زرد رنگ کی طرح سرخ رنگ بھی صرف مخصوص کمروں کے لیے موزوں ہے اور یقیناً آپ کے ہوم آفس کے لیے نہیں کیونکہ یہ تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ سرخ رنگ سے سجا ہوا سٹڈی روم شروع میں متحرک لگ سکتا ہے لیکن جب آپ ایسے کام کر رہے ہوں جن میں پرسکون توجہ اور واضح سوچ کی ضرورت ہو تو یہ منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں