پاکستان فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے بدھ کو کہا ہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر آج پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا۔
پاکستان فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار جان سے گئے اور کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا تاہم بیان میں مرنے والے کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
بیان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری قائم کر دیا گیا ہے، جو حادثے کی اصل تکنیکی وجوہات کا تعین کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ چیف آف آرمی سٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور پاکستان فوج کے تمام افسران و جوانوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدر نے حادثے میں اہلکاروں کی اموات پر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے حادثے میں شہید ہونے والے تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔